جے پور ،17؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے پیر کو کہا کہ آئندہ انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کا جادو نہیں چلنے والا ہے اور ان کا گراف بہت تیزی سے نیچے آرہا ہے۔بی جے پی صدر امت شاہ کے راجستھان دورے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیت شاہ یہاں وسندھرا راجے حکومت کے کام اور کارکردگی کا ذکر نہیں کر رہے بلکہ مودی کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ گہلوت نے کہا کہ یہ بھول جائیں کہ مودی لہر چلے گی ؛بلکہ مودی جی کا جادو نہیں چلنے والا ہے، ان کا وقت گیا، ان کی مقبولیت کا گراف بہت تیزی سے نیچے آیا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ گہلوت نے کہا کہ کوئی تعجب نہیں کہ آنے والے انتخابات میں ان کاسرے سے ہی صفایا ہی ہو جائے۔آئندہ انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کے آثارپر گہلوت نے کہا کہ ملک کے مفاد میں عوام کا کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں پر دباؤ بنے گا اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر آنا ہی پڑے گا تاکہ فرقہ وارانہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔ اگرچہ اس بارے میں ساری بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہی ہے۔رافیل طیارے سودے پر گہلوت نے کہا کہ کانگریس نہ تو ہوائی جہاز خریدنے کی مخالف ہے اور نہ ہی وہ بغیر وجہ کوئی تنازعہ کھڑا کرنا چاہتی ہے بلکہ پارٹی تو اس میں ہوئے گھپلے اور کرپشن کی بات کر رہی ہے جس کا جواب دیا جانا چاہئے۔’ اگلا الیکشن جیتے تو 50 سال تک راج کریں گے ‘ کے متعلق امت شاہ کے مبینہ بیان پر گہلوت نے کہا اس میں مخفی خطرات کوعوام کو سمجھنا ہوگا۔ گہلوت نے کہا کہ جمہوریت کا محور انتخاب ہے، لیکن اس وقت ملک میں دو ہی چہرے (وزیر اعظم مودی اور بی جے پی صدر شاہ) راج کر رہے ہیں۔گہلوت نے نو ٹ بندی کو مودی حکومت کا بڑا گھپلا بتایا۔